واشنگٹن: پاکستانی نژاد ڈاکٹر حنا چوہدری کو شعبہ طب میں غیرمعمولی خدمات انجام دینے کے اعتراف میں ہیرو قرار دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر حنا چوہدری امریکہ میں مقیم ہیں۔
پاکستان میں قائم امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کارڈیک جادوگر کے نام سے مشہور ڈاکٹر حنا چوہدری کارڈیالوجسٹ، محقق اور سائنسدان ہیں۔
پاکستانی نژاد ڈاکٹر حنا چوہدری نے ہارٹ اٹیک کا سامنا کرنے والے مریضوں کے پٹھوں کی نشو و نما کے لیے ایک جدید طریقہ متعارف کرایا ہے۔
ڈاکٹر حنا چوہدری کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے طریقہ کار کو نہ صرف مفید پایا گیا بلکہ اب اس کو مختلف طریقوں سے آزمایا بھی جا رہا ہے۔
ڈاکٹر حنا چوہدری کا نام نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے اہم عہدیداران میں شامل ہے۔ انہوں نے نیشنل ریسرچ سروس کا ایواڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔ ان کا شمار دنیا کی 20 بااثر مسلم خواتین میں بھی ہوتا ہے۔
امریکی سفارتخانے نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں سائنسی میدان میں خدمات انجام دینے والی مسلم خواتین اور امریکی مسلمان خواتین کا شکریہ ادا کیا ہے۔