ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے ڈیلی میل ہتک عزت کیس میں فیصلہ آنے کے بعد شہباز شریف کی رہائی کامطالبہ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لندن کی عدالت کافیصلہ شہبازشریف کی بےگناہی اور عمران خان کے مصدقہ جھوٹے ہونے کی گواہی ہے، شہبازشریف کی ایمانداری پرکیچڑ اچھالنے والوں کے سیاہ چہروں کی کالک میں اضافہ ہوگیاہے، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ لندن کی عدالت سے شہبازشریف کی سچائی کی گواہی آئی۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ لندن عدالت کےفیصلےکےبعد کچھ شرم ہوتوعمران خان اور کرائے کے ترجمان معافی مانگیں، لندن عدالت نے کہاکہ برطانوی قانون کےمطابق شدید ترین درجے میں شہبازشریف کوبدنام کیاگیا، جج نےقرار دیا کہ شہبازشریف کیخلاف ڈیلی میل نے جھوٹ، مفروضے پر مبنی خبر شائع کی۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ سیاسی انتقام، حسد کی آگ سے ملک کی جو ہتک آپ نےکرائی، اس کاازالہ کون کریگا؟ جھوٹےکاغذ لہرانے والوں میں شرم ہو تو فیصلےکےبعد چلو بھرپانی میں ڈوب مریں، شہزاد اکبر نے جو کاغذ لہرائے تھے وہ لندن کی عدالت میں کیوں پیش نہیں کیے؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جن کی اپنی کوئی عزت نہیں ان کا کام صرف شرفاءکی عزت اور پگڑیاں اچھالنا ہے، فیصلےسےبراڈشیٹ کےکمیشن خور شہزاداکبرکےچہرے پرجھوٹ کی سیاہی میں اضافہ ہوگیا، عمران خان نے یہ جھوٹا انٹرویو خود کرایا تھا، آپ کے ہر جھوٹ کا انجام ایسا ہی نکلےگا، عدل اور انصاف جب بھی ہوا ن لیگ کی قیادت سرخرو ہوئی، انہیں جیل بھجوانےوالےخودجیل گئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہبازشریف کے 10 ارب روپے کے ہتک عزت کے مقدمے میں 5 سال سے عمران خان مفرور ہیں، پاکستان میں اس ہتک عزت کےمقدمےمیں بھی عمران خان کاجھوٹ بےنقاب ہوگا۔