وزیراطلاعات سندھ ناصر شاہ نے کہاکہ گل صاحب ! بھول گئے کہ گندم مافیا توخود پی ٹی آئی کی حکومت ہے،گل صاحب !جواب دیں فصل کٹتے ہی پنجاب سے گندم کیسے غائب ہوئی ؟ ۔
ناصر شاہ نے شہبازگل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ سندھ کے شہری بہترین غذا کھاتے ہیں،کتوں اورگدھوں کا گوشت تو آپ کے شہروں میں بکتا ہے، شہباز گل بیان دیتے وقت سوچا کریں کہ ان کی نوکری پکی نہیں ہورہی۔
صوبائی وزیرکاکہناتھاکہ خان صاحب نے سپیشل اسسٹنٹ کی ایمپلائمنٹ ایکسچینج کھولی ہوئی ہے ،پنجاب کے بعد اب گل صاحب وفاق سے فارغ ہونے والے ہیں ،سیاسی بونے صبح اٹھ کرسندھ حکومت کےخلاف بیان دیکر خان صاحب کو بھیجتے ہیں۔
ناصر شاہ کاکہناتھا کہ وزیراعظم نے قبضہ گروپ کو اپوزیشن لیڈر بنا دیاہے،آپریشن پنجاب میں ہو رہا ہے تو جائز یہاں وہ تو ناجائز؟، کل کی کارروائی کے بعد بلی تھیلے سے باہر آگئی،سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیاگیا،ہم خود کو انکوائری کیلیے پیش کرتے ہیں ۔
اویس قادر شاہ کاکہناتھاکہ تجاوزات غیر قانونی ہیں چاہے سندھ میں ہو یاپنجاب میں،سندھ حکومت کے پاس اور بہت سے کام ہیں اور یہاں ادارے آزاد ہیں،انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندے پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سچ بولے ، حکومت سندھ سپریم کورٹ کے حکم پر کارروائی کررہی ہے۔
سندھ میں ایک مافیا حکومت کر رہا ہے۔ شہبازگل
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل کاکہناہے کہ سندھ میں ایک مافیا حکومت کر رہا ہے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ مافیا مال پانی کیلیے لوگوں کی جانوں سے بھی کھیل لیتے ہیں،سندھ کے شہریوں کو زبردستی مضر صحت گندم کھلائی جارہی ہے،شہباز گل کا کہنا ہے کہ ان کے چوہے14ارب کی تازہ گندم کھا جاتے ہیں۔