ایک طرف شہزادہ بلاول تو دوسری طرف شہزادی مریم بیٹھی ہے، ہمیں اس نظام سے بغاوت کی ضرورت ہے، سربراہ جماعت اسلامی
ایک طرف شہزادہ بلاول تو دوسری طرف شہزادی مریم بیٹھی ہے، ہمیں اس نظام سے بغاوت کی ضرورت ہے، سربراہ جماعت اسلامی

پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم ایک جیسے ہیں جنگ صرف کرسی کی ہے، سراج الحق

سوات: جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور پی ڈی ایم دونوں ایک جیسے ہیں ان کے درمیان جھگڑا صرف کرسی کا ہے، ہمیں اس نظام سے بغاوت کرنے کی ضرورت ہے۔
سوات میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا اللہ نے ہمیں ان سرمایہ داروں کی غلامی کے لیے پیدا کیا ہے؟ 73 سال ان لوگوں نے حکومت کی ہے، ایک طرف شہزادہ بلاول تو دوسری طرف شہزادی مریم بیٹھی ہے، تحریک انصاف اور پی ٹی آئی ایک جیسے ہیں اور یہ صرف کرسی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفادات کی سیاست کا ہم حصہ نہیں بنے، اگر حکومت مشاورت کرتی تو ہم اچھے مشورے دیتے، سودی نظام ختم کرتے تو ہم تعاون کرتے، اگر حکمران شریعت نافذ کرتے تو ہم تعاون کرتے لیکن ایسا نہ ہوا، حکمرانوں نے معیشت تباہ کردی، زرعی ملک ہونے کے باوجود کاشت کار بھوکے سو رہے ہیں اور سرمایہ داروں کے بینک بیلنس بڑھ رہے ہیں۔
سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ اسمبلیوں میں صرف گالم گلوچ دی جاتی ہے، ایک دن میں دو گھنٹے کے اجلاس پر عوام کا 10 کروڑ روپے کا خرچہ آتا ہے، جمہوریت اور پارلیمنٹ غلام ہے جس کے فیصلے بیرون ملک کیے جاتے ہیں، ہمارے انتخابات کے فیصلے بیرونی طاقتیں کرتی ہیں، اس ملک میں شرعی حکومت کا قیام جماعت اسلامی کا منشور ہے، ہمیں اس نظام سے بغاوت کی ضرورت ہے۔