کراچی: محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے صوبے میں 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشہ کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشہ بنا روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹس اور کاغذات کے بغیر چلائے جارہے ہیں جو ٹرانسپورٹ کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس سے قبل بھی 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائی کے لیے ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کو خط لکھا جاچکا ہے تاہم کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشہ کے خلاف محکمہ کو کئی شکایات موصول ہوئی ہیں، ایسے چنگچی رکشوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا ہے، رکشوں کی فٹنس نہ ہونے اور کم عمر بچوں کے حادثات سمیت دیگر شکایات موصول ہوئی ہیں اس لیے ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس، صوبے کے تمام ایس ایس پیز اور ریجنل سیکریٹریز ٹرانسپورٹ کو خطوط ارسال کیے ہیں۔