اسلام آباد کی ایف 8 کچہری میں وکلا کے مزید چیمبر گرانے کی تیاری کرلی گئی ہے۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایف ایٹ کچہری میں مزید چیمبرز گرانے کے نوٹس لگادیے ہیں جبکہ یہ نوٹس وکلا کے چیمبرز کے باہر لگائے گئے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فٹ پاتھوں پر بنائے گئے وکلا چیمبرز غیر قانونی ہیں، نوٹس سے پیشگی اطلاع دی جاتی ہے وکلا چیمبرز غیر قانونی تعمیر کیے گئے۔
دوسری جانب عدالت میں توڑ پھوڑ پر تھانہ مارگلہ میں بھی 15 وکلاکے خلاف پرچہ کٹ گیا جبکہ تھانا رمنا میں درج ایف آئی آر میں 34 وکلا نامزد ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کچہری میں چیمبرز گرانے کے خلاف وکلا نے شدید احتجاج کیا تھا اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں نعرے لگاتے ہوئے چیف جسٹس کے بلاک میں داخل ہوگئے تھے۔
احتجاجی وکلا نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے بلاک میں کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور ان کے چیمبرکے باہر نعرے بازی کی۔