کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار غیر ملکی دہشتگردوں سے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی قائم کردی گئی ہے جس کی سربراہی ایس ایس پی سی ٹی ڈی عارف عزیز کریں گے جب کہ حساس ادارے، اسپیشل برانچ، رینجرز اور پولیس حکام بھی اس میں شامل ہوں گے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ ابتدائی تفتیش میں دہشتگردوں کی جانب سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات کیے گئے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے بھی غیر ملکی دہشتگردوں کی گرفتاری پر پریس کانفرنس متوقع ہے۔
جے آئی ٹی کا نوٹی فیکیشن جاری ہو گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ کی درخواست پر جے آئی ٹی بنائی گئی ہے، جے آئی ٹی ایس ایس پی سی ٹی ڈی عارف عزیز کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے جب کہ دیگر اراکین میں آئی ایس آئی، آئی بی، رینجرز، اسپیشل برانچ اور پولیس کے افسران شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جے آئی ٹی اپنی معاونت کے لیے کسی بھی ایجنسی سے مدد لے سکتی ہے اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو مکمل تحقیقات کے بعد تیس دن کے اندر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ ابتدائی تحقیقات میں دہشتگردوں نے انتہائی اہم انکشافات کیے ہیں اور جے آئی ٹی ان انکشافات کا جائزہ لینے سمیت ٹھوس تفتیش کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی اس معاملے پر جلد پریس کانفرنس کا امکان ہے۔