خرم لغاری نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی سے 5 ایم پی ایز اور مشیر میرے ساتھ ہیں، وہ بھی میری طرح اسی ماہ سینیٹ الیکشن سے پہلے پارٹی چھوڑنے دیں گے تاہم ہم سینیٹ کا ووٹ کسی کو نہیں دیں گے۔
نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خرم لغاری نے الزام عائد کیا کہ عثمان بزدار نے میرے ملازمین پر بجلی چوری کے مقدمات درج کروائے۔ ڈپٹی کمشنرزکو میرے کام کروانے سے روکا گیا۔ وزرا، محکموں کو ہدایت تھی کہ میرے کام نہیں کرنے۔ اگر کام نہیں ہونے تو بہتر ہے اپوزیشن میں بیٹھ جاؤ۔
خرم لغاری کا کہنا تھا کہ میرے مستعفی ہونے پر نوجوان خوش ہیں کیونکہ انھیں صرف دھرنوں کیلیے ہی استعمال کیا جاتا ہے اور کوئی عزت نہیں مل رہی۔ ضلع مظفر گڑھ میں آج تک کوئی یونیورسٹی نہیں بنی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال میں صرف دس کروڑ فنڈ دیے گئے۔ تونسہ شریف کے حلقے میں 77 ارب دیے گئے۔ ڈھائی سال سے وزیراعلیٰ کو شکایت کر رہا ہوں۔ وزیراعظم سے ملنے کا وقت ملے تو انھیں شکایت کروں۔