دفع جنات
ابن قتیبہؒ سے منقول ہے کہ کسی شخص نے ان سے بیان کیا کہ میں بصرہ میں خرما (کھجور) کی تجارت کے لئے گیا، کرائے پر کوئی گھر نہ ملا، صرف ایک گھر ملا، جس میں مکڑی نے جالے لگا رکھے تھے، میں نے اس کی وجہ پوچھی تو لوگوں نے کہا کہ اس میں جن رہتا ہے۔ میں نے مالک سے کرائے پر مانگا، اس نے کہا کیوں اپنی جان کھوتے ہو، اس میں بڑا بھاری جن رہتا ہے، جو شخص اس میں رہتا ہے، اس کو مار ڈالتا ہے، میں نے کہا مجھے کرائے پر دے دو، حق تعالیٰ مددگار ہے۔
اس نے دے دیا، میں اس میں ٹھہر گیا، جب رات ہوئی تو میری طرف ایک سیاہ فام، جس کی آنکھیں شعلہ آتش کی مثال روشن تھیں، آیا میں نے آیت الکرسی پڑھنا شروع کی، وہ بھی برابر پڑھتا رہا، جب میں آخری حصے پر پہنچا تو وہ نہ کہہ سکا، میں نے اسی کو پڑھنا شروع کیا، پس وہ تاریکی سی جاتی رہی اور رات بھر آرام سے رہا، جب صبح ہوئی تو اس جگہ نشان جلنے کا اور راکھ دیکھی اور کہنے والے کی آواز سنی کہ تو نے بڑے بھاری جن کو جلایا، میں نے پوچھا کس چیز سے جلا گیا تو جواب دیا اس کلمہ سے جسے تو بار بار پڑھتا رہا، یعنی وہی آیت الکرسی کے آخری حصے سے۔
عمل حل المشکلات
اگر کوئی کسی ایسی مشکل میں پھنس گیا ہو کہ جس سے خلاصی کی کوئی صورت ممکن دکھائی نہ دیتی ہو یا کسی حاکم یا اعلیٰ افسر کی طرف سے نقصان پہنچائے جانے کا خوف سر پر سوار ہو گیا ہو تو وہ یہ عمل کرے۔
دو رکعت نفل نماز اس طرح ادا کرے کہ پہلی رکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد سورئہ اخلاص ایک مرتبہ پڑھے اور ایک سو مرتبہ سورئہ قمر کی آیت نمبر دس، پھر دوسری رکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد معوذ تین تین مرتبہ پڑھے اور نماز مکمل کرکے سلام پھیر کر دعا مانگے۔ حق تعالیٰ نے چاہا تو ضرور مقصد میں کامیابی ہو گی۔