پاکستان نے افغانستان سے مسلسل پاکستانی فوجی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کی جس میں بتایا کہ امن مشقیں پاکستان میں منعقد ہوئی ہیں جن کا مقصد منشیات، دہشت گردی کے خلاف کاوشیں کرنا ہے، مشق میں 45 ممالک کی بحری افواج نے حصہ لیا۔
ان کا کہنا تھاکہ افغانستان سے مسلسل پاکستانی فوجی تنصیبات پر سرحد پار حملوں کی مذمت کرتے ہیں، افغانستان اس معاملے میں موجودہ میکنزم کے ذریعے پاکستان سے تعاون کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ الزام تراشی کی بجائے دونوں ملکوں کو ایسے عناصر کے خلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہناہےکہ سری لنکن وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی گئی ہے اور وزیراعظم عمران خان اسی ماہ کے آخر میں سری لنکا کا دورہ کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کی حدود سے باجوڑ میں دہشت گردوں کے راکٹ حملے میں 5 سالہ بچہ شہید اور بچی سمیت7 بچے زخمی ہوگئے تھے۔