کراچی میں نوجوان طالبہ کے مبینہ اغواءاور جنسی زیادتی کیس میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مزید افراد کو گرفتار کر لیاہے جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد چار ہو گئی ۔
تفتیشی حکام کے مطابق لڑکی اور چاروں ملزمان کے ڈی این اے سیمپلز لے لیے گئے جوآج لیب بھیجے جائیں گے، ڈی این اے کی رپورٹ آنے کے بعد ہی زیادتی سے متعلق واضح ہو گا۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے موبائل فونز تحویل میں لے لیے گئے ہیں اور متاثرہ لڑکی کا موبائل فون بھی پولیس کے پاس ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کے موبائل فون سے تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے انہیں دیا گیا ہے، ڈی این اے، سی سی ٹی وی اور موبائل فونز کے فارنزک کے بعد ہی کیس میں پیش رفت ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ جمعے کے روزگلشن حدید سے کالج جاتے ہوئے فرسٹ ایئرکی طالبہ کو اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، ملزمان اغوا کے بعد لڑکی کو ڈیفنس کے علاقے میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔