وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے مختلف مجوزہ اقدامات پرغور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ گندم کی پیداوار، اس کی ملکی ضروریات اور سرکاری سطح پر خریداری کا پلان جلد پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کو درآمدی گھی، دالوں اور دیگر اجناس پر ڈیوٹیز کی شرح اور چھوٹ پربھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات پر اوگرا کی سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اولین ترجیح غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، عوام پر بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی سےمتعلق آؤٹ آف باکس حل تجویز کیے جائیں، یقینی بنایا جائے کہ ملک کی آمدن واخراجات میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کومزید قرضوں کی دلدل سے بچانے کے لیے آمدن واخراجات میں توازن یقینی بنایا جائے، گندم پر اٹھنے والے انتظامی اخراجات کے ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسا نظام وضع کیا جائے کہ غیر ضروری اخراجات میں ہرایک روپے کی بھی بچت ہوسکے۔