مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 2018 میں پی ٹی آئی کے ایم پی ایز نے ووٹ بیچے اور ووٹ خریدے جس کی ویڈیو سامنے آ چکی ہے اب چورہی چوری کرنے والوں کی تحقیقات کر رہا ہے، احتساب کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ سے متعلق عمران خان وضاحت دیں۔ نام نہاد احتساب والے سن لیں یہ حساب ہو گا۔ جتنی کرپٹ حکومت آج ملک میں ہے تاریخ میں اتنی نہیں آئی جبکہ آج دوسروں پر الزام لگانے والے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ووٹ خریدنے والوں کی ویڈیو موجود ہے جبکہ ویڈیو سے متعلق کہا گیا اس وقت کے وزیرنے پیسے لینے کا کہا تھا۔ 2018 میں جنہوں نے ووٹ کے لیے پیسے لیے اور دیے وہ آج بھی عہدوں پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے کیا وہ ویڈیو نہیں دیکھی ؟ انصاف اور احتساب کے دہرے نظام نہیں چل سکتے اور احتساب کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں ہیں اور اپوزیشن کا کام خرابی کی نشاندہی کرنا ہے۔ نوازشریف پاکستان کے شہری اور3 بارکے وزیر اعظم ہیں۔ کسی کو حق نہیں کہ نواز شریف کا پاسپورٹ روکے وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے ہیں اور جیسے ہی ان کا علاج مکمل ہو گا وہ واپس آجائیں گے۔