پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو باقاعدہ گرفتارکر لیا گیا جبکہ پی ٹی آئی اور حلیم شیخ کے حامیوں ملیر تھانے کے باہر ہنگامہ آرائی شروع کر دی، مرکزی گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی گئی،پولیس کی بھاری نفری اور واٹر کینن بھی طلب کرلی گئی۔طلب
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو باقاعدہ حراست میں لے لیا گیا، وہ پولیس کی تحویل میں ایس ایس پی ملیر آفس میں موجود ہیں۔
ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر کے مطابق حلیم عادل کو الیکشن کمیشن کے حکم پر باقاعدہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہےکہ حلیم عادل شیخ پر ہنگامہ آرائی اور دیگر مقدمات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کو ایس ایس پی ملیر کے آفس میں رکھا گیا ہے جب کہ ان کے ہمراہ دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہےکہ انتخابی حلقے میں فائرنگ کرنے والے متعدد افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں آج ہونے والے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی شکایت کے بعد الیکشن کمیشن کے حکم پر پولیس نے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو انتخابی حلقے سے حراست میں لے لیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ مسلح افراد کے ساتھ حلقے میں گشت کر رہے ہیں اور خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ میری گاڑی پر فائرنگ کی گئی، بلٹ پروف گاڑی پر نشانات بھی موجود ہیں۔پولیس کا کہنا ہے انتخابی حلقے میں فائرنگ کرنے والے متعدد افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔