وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سینیٹ الیکشن میں باآسانی کامیابی حاصل کرلے گی کیونکہ تحفظات کے باوجود اراکین اسمبلی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، اپوزیشن کا مارچ بھی جلسوں کی طرح ناکام ہوگا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اورسینیٹ الیکشن سےمتعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمانوں کو حکومتی فیصلوں اورکفایت شعاری پربریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ کی ٹکٹ دینے پر بھی بات ہوئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کے گلے شکوے دور کریں گے، ارکان تحفظات کے باوجود پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، سینیٹ الیکشن میں باآسانی کامیابی حاصل کرلیں گے، ہم نے ارب پتی امیدواروں کو ٹکٹ دینے کی روایت توڑتے ہوئے بہترین امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کامارچ بھی جلسوں کی طرح ناکام ہوگا،اپوزیشن کا پہلے پریشر لیا نہ آئندہ لیں گے۔عمران خان نے بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات کو 49 فیصد کم کیا گیا، آج معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔