تحریک انصاف کی مبینہ ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کےلیے اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے4 ملازمین کے اکاؤنٹس میں پیسے موصول ہونےکو تسلیم کرلیا۔
الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی مبینہ ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کےلیے اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔
اسکروٹنی کمیٹی اجلاس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر جب کہ تحریک انصاف کے وکیل شاہ خاور پیش ہوئے، اسکروٹنی کمیٹی کے سربراہ ڈی جی لاء مصروفیت کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کرسکے۔
اجلاس میں دو رکنی اسکروٹنی کمیٹی نے اکبر ایس بابر کے اعتراضات کا جائزہ لیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اسکروٹنی کمیٹی اجلاس میں تحریک انصاف نے 4 ملازمین کے اکاؤنٹس میں پیسے موصول ہونے کو تسلیم کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اکبر ایس بابر نے ملازمین کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اسٹیٹ بینک سے منگوانے کا مطالبہ کردیا۔
اکبر ایس بابرکا کہنا تھا تحریک انصاف نے 2011 میں ان ملازمین کو اجازت دی تھی کہ وہ ذاتی اکاؤنٹس میں پیسے لیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ ان چار ملازمین کے اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آنی چاہئیں۔
اسکروٹنی کمیٹی کے سربراہ کی غیرموجودگی کے باعث کمیٹی نے اس پرفی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔