وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی پُرزور مذمت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس سندھ میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں حلیم عادل کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے قبل قانونی تقاضے ہوتے ہیں جنھیں پورا نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت نے جو کیا اگر کسی اور صوبے میں ہوتا تو سب ہم پر تنقید کرتے، باقی کسی صوبے میں ایسا غیر آئینی کام نہیں ہوتا۔
سینیٹ الیکشن کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ ماضی سے بہت کچھ سیکھا ہے، سینیٹ کے انتخابات کی تیاریاں مکمل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 ملیر میں ضمنی انتخاب میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا تھا۔
آج کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے حلیم عادل شیخ کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا ہے۔