سینیٹ انتخابات میں بلوچستان سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹٰی آئی ) نے ارب پتی عبدالقادر سے اپنا ٹکٹ واپس لے لیا لیکن اب عبدالقادر کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن نے آزاد حیثیت سے منظورکرلیے۔
پی ٹی آئی کے دو اراکین اسمبلی نے تائید اور تجویز کنندہ کی حیثیت سے ان کے کاغذات نامزدگی پر دستخظ کیے اورکاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں جمع ہو گئے، پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کی جانب سے عبدالقادرکو ٹکٹ دینے پر بھرپور احتجاج سامنے آیا تو عمران خان نے ان سے ٹکٹ واپس لے کر پارٹی رہنما ظہورآغا کو دیدیا ۔
عبدالقادر نے اگلے روز ہی آزاد حیثیت سے الیکشن کمیشن میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے اوراس مرتبہ ان کے تائید اور تجویز کنندہ بلوچستان عوامی پارٹی کے دو اراکین اسمبلی تھے۔الیکشن کمیشن نے عبدالقادر کے کاغذات نامزدگی منظور بھی کر لیے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبدالقادراب باپ پارٹی کے سینیٹ میں امیدوار ہوں گے ہم ان کی حمایت کریں گے۔