پنجاب اور خيبرپختونخوا ميں قومی اور صوبائی اسمبليوں کے 4 حلقوں پر ضمنی انتخابات کا ميدان کل سجے گا، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، ووٹنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوگا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
پنجاب ميں حلقہ اين اے 75 ڈسکہ، پی پی 51 وزير آباد جبکہ خيبر پختونخوا ميں اين اے 45 کرم اور پی کے 63 نوشہرہ 3 ميں ضمنی اليکشن کیلئے کل (جمعہ 19 فروری کو) پولنگ ہوگی، چاروں حلقوں ميں انتخابی سامان کی ترسيل کردی گئی ہے۔
پنجاب کے دونوں حلقوں پر پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ نواز کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں حکمران جماعت کو اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا چیلنج درپیش ہے۔
پنجاب کے دونوں حلقوں پر پاکستان پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ نواز کے حق میں اپنے امیدواروں کو دستبردار کرالیا ہے۔
ای سی پی کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سيکيورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے ہيں، نوشہرہ ميں پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں نے سیکیورٹی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
چاروں حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔