کراچی: قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے خلاف تحریک انصاف کراچی نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی جمعہ تین بجے پریس کلب پر احتجاج کرے گی۔
ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے خلاف تحریک انصاف کراچی نے احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کراچی جمعہ سہ پہر 3 بجے کراچی پریس کلب پر احتجاج کرے گی جس میں کارکنان اور پی ٹی آئی رہنما شرکت کریں گے۔
انصاف ہاؤس سے جاری بیان میں سعید آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت انتقام کی ہوس میں اندھی ہوچکی ہے، ہم مراد علی شاہ سرکار کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، پی ٹی آئی قائدین اور کارکنان پریس کلب کے باہر پرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، احتجاج میں آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔