مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں ڈٹے رہنے پر ن لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، ڈسکہ، وزیر آباد اور نوشہرہ کے عوام ووٹ چوروں کو پہنچان چکے تھے، عوام جاگتے رہے اور چوروں کو پکڑا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ رات کو رانا ثنا اللّٰہ کو گرفتار کرنے آئے تھے، خوف و ہراس پھیلایا، احسن اقبال صبح دس بجے تک وہاں بیٹھے رہے، چوروں کو بے نقاب کیا، ایک سیٹ کی خاطر کل دو قیمتیں جانیں چلی گئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ دو جانیں ان کی دھونس اور جبر کی نذر ہوگئیں، مقتولین کے اہلخانہ سے اظہار افسوس کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ڈسکہ اور وزیر آباد میں ن لیگ لیڈ کررہی تھی، اس کا ہم سے زیادہ حکومتی مخالفین کو علم تھا، وزیر آباد اور ڈسکہ کے لیے مخالفین نے منظم پلان بنایا، یہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ نوشہرہ سے ن لیگ کامیاب ہوگی، نوشہرہ میں ن لیگ کے شیر نے ان کے گھر میں گھس کر انہیں ہرایا۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کو ڈسکہ اور وزیر آباد میں اپنی ہار کا پتا تھا لیکن اتنی بری طرح ہاریں گے اس کا علم نہیں تھا، ن لیگ کے ووٹرز کی بڑی تعداد دیکھ کر ان کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کھلے عام فائرنگ کی گئی، ایک ویڈیو میں فائرنگ کرنے والے کو ایم این اے کے ساتھ کھڑا دیکھا جاسکتا ہے، آپ اپوزیشن اور رانا ثناء پر الزام لگارہے ہیں، انتظامیہ بھی ان کی ہے، پولیس بھی ان کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر ن لیگ یا رانا ثنا نے فائرنگ کی ہوتی تو یہ رانا ثنا کو نہیں رائے ونڈ آکر مریم نواز کو گرفتار کرتے۔
انہوں نے کہا کہ جب ثبوت ہوتے ہیں تو دکھائے جاتے ہیں، الزامات نہیں لگائے جاتے، آپ بیوقوف ہوسکتے ہیں، عوام نہیں۔