رکشہ ڈرائیور شاہد گاؤں کے بچے بچیوں کو لے کر شہر آرہاتھا۔فائل فوٹو
رکشہ ڈرائیور شاہد گاؤں کے بچے بچیوں کو لے کر شہر آرہاتھا۔فائل فوٹو

ڈیرہ غازی خان۔ مسلح شخص کی فائرنگ۔7 افراد جاں بحق ،14 زخمی

ڈیرہ غازی خان کے تھانہ شاہ صدر دین کے علاقہ “پل شیخانی” کے نزدیک مقامی بازار میں مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے، عوام کی جوابی کاروائی میں مسلح شخص بھی مارا گیا۔

گزشتہ روز ساڑھے گیارہ بجے کے قریب بازارکے چوراہے پر  مسلح شخص جس نے خود کو چادر میں لپیٹ رکھا تھا نے اچانک کلاشنکوف نکالی اور چاروں اطراف  فائرنگ شروع کردی جس کی لپیٹ میں آ کر7 افراد جاں بحق جبکہ  دو خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہوئے، لوگوں نے بھی فائرنگ کرنے والے پر اینٹوں اورڈندوں سے حملہ کردیا  جس سے وہ مارا گیا۔

حملہ آور کون تھا اورکہاں سے آیا اس کے بارے میں پولیس کئی گھنٹے مخمسے کا شکار رہی ، مقامی کالرکی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیوں نے موقع پر سے  زخمیوں کو شاہ صدر دین اور ڈیرہ غازی خان ہسپتال منتقل کیا، مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آور کاتعلق لادی گینگ سے بھی بتایا جاتارہا۔

بعض ذرائع کے مطابق قتل کا بازارگرم کرنے والے کا نام فرید ولد حسن لاشاری سکنہ پتی سلطان لاشاری ہے،فائرنگ  سے  مارے جانے والے غلام حیدر اور منظور حسین لاشاری سے اس کی لیں ن دین کی وجہ سے دشمنی بتائی جاتی ہے کیونکہ چند روز قبل حملہ آور غلام فرید کے بھائی کو مقتولین نے پیسے نہ دینے پر تشدد کیا تھا۔

مشتعل حملہ آور اپنے مخالفین غلام حیدر اور منظور حسین پرفائرنگ کرنے کے بعد اپنے دوسرے مخالفین کو بھی  ڈھونڈتا رہا اوراس دوران مسلسل اندھا دھند فائرنگ کرتا رہا، پولیس نے پورے علاقہ کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

ڈی پی او عمر سعید ملک اعلیٰ سطحی تفتیشی ٹیم کے ہمراہ آخری اطلاعات تک موقع پر موجود تھے جبکہ علاقہ کے مشتعل عوام نے انڈس ہائی وے کو شاہ صدر دین کے مقام پر احتجاجاً بلاک کردیا اور رات گئے تک سانحے پر سخت احتجاج کرتے رہے۔