سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہاہے کہ اگر مجھے یہ پتا ہوتا کہ انہوں نے دو جانیں اپنی سیٹ کی خاطر ناحق لے لینی ہے تو ن لیگ ڈسکہ کی سیٹ ویسے ہی انہیں دے دیتی ۔
مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نوازشریف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ میں ڈسکہ عوام کا شکریہ ادا کرنے ان کے پاس جارہی ہوں ، حکومت نے سارے حربے آزما لیے ، یہ لوگ کھل کر سامنے آ گئے ، ایکسپوز ہو گئے ، انہوں نے فائرنگ کروائی ،دو جانیں لیں ، الیکشن کمیشن کے بندے اغواکر لیے ، انہوں نے ہر طرح کی ایڈمنسٹریشن کو ملوث کرکے دھاندلی کا منصوبہ بنایا تھا اور ریاستی دہشتگردی کے باوجود یہ بری طرح وہاں سے ہارے ہیں، یہ آٹا، چینی اورووٹ چور ڈسکہ ، وزیر آباد اور نوشہرہ سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں کے عوام نے مسترد کر دیا۔
مریم نوازکا کہناتھا کہ کل ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے ،جس میں پریزائڈنگ افسر نے بکنے سے انکار کردیا، پریزائڈنگ افسر بات کہہ رہاہے کہ گاڑی میں بیٹھ کرلوگ آئے اور کہا کہ الیکشن کمیشن کی گاڑیوں میں واپس نہیں جانا بلکہ ووٹ کے ڈبے لے کر ہمارے ساتھ جانا ہے۔
عمران خان ووٹ چور کا شکریہ اداکرنا چاہتی ہوں کہ اس ڈسکہ کے الیکشن کے ذریعے عوام کو یہ سمجھا دیا کہ 2018 میں کس طرح عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اوراسے 22 کروڑ عوام پر مسلط کیا گیا ، ایک پیج پر ہونے کے باوجود اور اداروں کی سپورٹ ہونے کے باوجود پاکستان کے عوام نے اسے ریجیکٹ کیاہے ۔
مریم نواز کا کہناتھا کہ یہ لوگ نوشہرہ اور وزیر آباد سے ہار گئے تو ان کی بے عزتی ہو رہی تھی تو یہ ڈسکہ کی سیٹ لینا چاہ رہے تھے ، ڈسکہ کے الیکشن کے دوران دو جانیں چلی گئیں ، دھاندلی چلانے کے بعد بھی کچھ نہ ملا تو پریزائڈنگ افسر وں کو اغواکر لیا ، دھند دھند کرتے ہیں، دھند میں 361 میں سے بیس پولنگ اسٹیشن کے ہی پریزائڈنگ افسران نے غائب ہونا تھا ، جب یہ آئے تو اچانک رزلٹ تبدیل ہو گیا ، تو اس سے بڑا ثبوت اور کیاہے ، اگر مجھے یہ پتا ہوتا کہ انہوں نے دو جانیں اپنی سیٹ کی خاطر ناحق لے لینی ہے تو ن لیگ ڈسکہ کی سیٹ ویسے ہی انہیں دے دیتی ۔