برائے ادائیگی قرض
جس شخص پر بہت زیادہ قرض چڑھ چکا ہو اور وہ قرض ادا کرنے کی طاقت نہ رکھتا ہو تو اسے چاہیے کہ دو رکعت نماز حاجت پڑھے۔ پھر گیارہ مرتبہ درود پاک اور پھر یہ کلمات پڑھے۔
’’یا الٰہی! حرام کے بدلے تو مجھے میری ضرورت کے مناسب حال روزی عطا فرما اور اپنے فضل سے اپنے ماسوا سے مجھے بے نیاز کر دے۔‘‘
ان کلمات کو پڑھنے کے بعد پھر گیارہ مرتبہ درود پاک پڑھے۔ بفضل باری تعالیٰ غیب سے قرض کی ادائیگی کا سامان پیدا ہوجائے گا اور پریشانی جاتی رہے گی۔
گھبراہٹ سے نجات
اگر کسی شخص پر کوئی کام کرتے وقت گھبراہٹ طاری ہو جاتی ہو تو اسے چاہیے کہ اول دو رکعت نماز حاجت پڑھے۔ پھر یہ کلمات پڑھے۔
’’یا حی یا قیوم برحمتک استغیث۔‘‘
ان کلمات کو پڑھنے کے بعد پھر تین مرتبہ درود پاک کا ورد کرے۔بفضل باری تعالیٰ کسی بھی کام کے کرتے وقت گھبراہٹ طاری نہیں ہوگی۔
گھریلو جھگڑے سے نجات
اگر کسی کے گھر میں ہر وقت جھگڑا رہتا ہے اور سخت تناؤ کی کیفیت ہو تو اسے چاہیے کہ وہ نماز ظہر کے بعد دو رکعت نماز حاجت پڑھے۔ پھر یہ کلمات پڑھے۔’’اے میرے خدا! میں تیری پناہ مانگتا ہوں جھگڑے اور نفاق اور برے اخلاق سے۔‘‘
ان کلمات کو پڑھنے کے بعد گیارہ مرتبہ درود پاک کا ورد کرے۔ حق تعالیٰ نے چاہا تو گھر میں امن، چین اور سکون کا دور دورہ ہو جائے گا۔ کبھی بھی لڑائی جھگڑے کی نوبت نہیں پیدا ہوگی۔