گمشدہ واپس آئے:
اگر کسی کا کوئی عزیز یا دوست گم ہو گیا ہو یا کسی کا کوئی بچہ راستہ بھٹک گیا ہو اور اس کے بارے میں کچھ پتہ نہ چلتا ہو کہ وہ کہاں ہے تو اس کی بخیر و عافیت واپسی کی غرض سے چند آدمی پاک صاف کپڑے پہن کر اور باوضو حالت میں ایک جگہ پر بیٹھیں اورایک ہزار مرتبہ توجہ و یکسوئی کے ساتھ درود شریف پڑھیں۔ اس کے بعد بارگاہ الٰہی سے عجز وانکساری کے ساتھ دعا مانگیں۔
سات یوم تک بلاناغہ اس طرح عمل کریں۔ حق تعالیٰ نے چاہا تو سات یوم کے اندر اندر گمشدہ کے بارے میں علم ہو جائے گا یا وہ واپس آجائے گا۔
حفاظت اَز بدی:
جو کوئی یہ چاہتا ہو کہ وہ آفات و بلیات سے محفوظ رہے، برائی سے بچا رہے۔ رب تعالیٰ اسے اپنی حفظ و امان میں رکھے تو اسے چاہئے کہ وہ ہر نماز کے بعد نوے مرتبہ درود شریف پڑھ کر رب تعالیٰ سے دعا مانگا کرے۔
حق تعالیٰ اسے شر شیطان سے محفوظ رکھے گا۔ اس پر اپنا خصوصی فضل و کرم نازل فرمائے گا۔ اس کے دل میں برائی سے نفرت پیدا ہو گی اور طبیعت نیکی کے کاموں کی طرف مائل ہو گی۔
حصول گمشدہ چیز:
اگر کسی کی کوئی چیز گم ہو گئی ہو اور تلاش بسیار کے باوجود نہ مل رہی ہو، اس کے بارے میں کچھ پتہ نہ چلتا ہو کہ وہ کہاں ہے تو اس گمشدہ چیز کے حصول کی غرض سے ہر روز باوضو حالت میں اکتالیس مرتبہ درود شریف پڑھ کر رب تعالیٰ سے دعا مانگے۔ حق تعالیٰ نے چاہا تو گمشدہ چیز دستیاب ہو جائے گی۔