اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کی سوشل میڈیا رولز میں ترمیم کیلئے ایک ماہ کی مہلت کی درخواست قبول کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اسلام آباد اطہر من اللہ کی سربراہی میں نئے سوشل میڈیا رولز کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر عدالتِ نے حکم دیا کہ اٹارنی جنرل پاکستان 2 اپریل کو عدالت میں رپورٹ پیش کریں۔
عدالت کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ دیکھ کر ہی سوشل میڈیا رولز کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ دیا جائے گا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ہم پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں، کچھ لوگوں کی رائے لی گئی ہے، دیگر فریقین کو بھی سنیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا رولز سے متعلق تمام درخواستیں 2 اپریل کو مقرر کی جائیں۔ جب کہ اٹارنی جنرل پاکستان 2 اپریل کو رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔
عدالت کا مزید کہنا تھا کہ ٹی وی اینکرز کیخلاف توہین عدالت کیس بھی 2 اپریل کو ہی سنا جائے گا۔