پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے پاکستان فلم انڈسٹری کو ایک بڑی خبر سے آگاہ کردیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شان شاہد نے اپنی نئی آنے والی ’ضرار‘ کے آفیشل ٹریلر کا یوٹیوب لنک شیئر کیا۔
شان شاہد نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہماری پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے کیونکہ رواں سال مارچ میں ہمارے سینما گھر دوبارہ سے کُھل جائیں گے۔‘
اداکار نے سینما گھر کھولنے کی اجازت دینے پر وزیراعظم عمران خان کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’ہم 2020 میں فلم ’ضرار‘ ریلیز کرنے کے لیے تیار تھے لیکن یہ کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگئی۔‘
شان شاہد نے مزید لکھا کہ ’انشاءاللّہ! رواں سال فلم ’ضرار‘ ریلیز ہوجائے گی۔‘
واضح رہے کہ حقیقی خطرات پر مبنی فلم ’ضرار‘ میں شان بھرپور ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
فلم کی کہانی خود شان شاہد نے تحریر کی جبکہ سینئر آرٹسٹ نیئر اعجاز منفی کردار اور ندیم بیگ اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔
پاکستانی تاریخ کے بھاری بجٹ اور جدید ٹیکنالوجی سے بنائی جانے والی فلم ’ضرار ‘کے لیے پروڈیوسر عدنان بٹ نے ہالی ووڈ کے ڈائریکٹر ٹموتھی کی خدمات حاصل کی تھیں جنھوں نے پاکستان میں فلم کی عکسبندی کی، ان کے ساتھ اداکار شان نے بھی بطور معاون ہدایتکار کے طور پر فرائض انجام دیے۔
فلم میں اداکار شان شاہد نے مرکزی کردار نبھایاہے، ہیروئن کے کردار کیلئے دبئی میں ماڈلنگ کرنے والی آرٹسٹ کرن ملک کو کاسٹ کیا گیا ہے۔