لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز کو تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا ہے۔
حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں 20 ماہ سے جیل میں تھے۔ حمزہ شہباز کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا ہے۔
کوٹ لکھپت جیل کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے حمزہ شہباز کا استقبال کیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز حمزہ شریف کے استقبال کے لیے کوٹ لکھ پت جیل کے باہر موجود تھیں، مریم نواز کے ساتھ دیگر پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے۔
قبل ازیں حمزہ شہباز کے ایک ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے ادریس رفیق اور عدیل خان نے جمع کرائے جن کا عدالتی عملے کی جانب سے جائزہ لیا گیا۔
ضمانتی مچلکوں کی تصدیق کے بعد حمزہ شہباز کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی، احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اکمل خان نے لیگی رہنما کی رہائی کی روبکار جاری کی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو رہائی کے بعد ریلی کی شکل میں رہائش گاہ تک لایا گیا۔ لاہور کے 12 مقامات پر حمزہ شہباز کے لیے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے۔
واضح رہےکہ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا تھا۔