وزیر اطلاعات سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کے بعد اب صدر مملکت بھی آرڈیننس فیکٹری بند کر دیں۔
ناصرحسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کو ایک بار پھر قانونی محاذ پر شکست ہوئی، عدالتی فیصلہ پی ڈی ایم کی اخلاقی و قانونی فتح ہے۔
ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کی رائے کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکمرانوں کی ضد نے ناصرف عدالتوں کا وقت تباہ کیا بلکہ قوم کو بھی پریشان کیا، الیکشن کمیشن کے این اے 75 کے فیصلے سے بھی اپوزیشن کے مؤقف کی فتح ہوئی، آئین اور قانون کے مطابق فیصلوں سے ملک مضبوط اور مستحکم ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے نااہلی چھپانے کے لیے ریاستی اداروں کو آپس میں لڑوانےکی کوشش کی۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا ایوان صدر کی بھی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی گئی، اب صدر مملکت بھی آرڈیننس فیکٹری بند کردیں کیونکہ صدر مملکت کے جاری کردہ آرڈیننس قانونی نہیں ہوتے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے کے لیے صدارتی ریفرنس دائر کیا تھا اور سپریم کورٹ سے اس حوالے سے رائے طلب کی تھی، سپریم کورٹ نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنا دیا گیا ہے۔