ارجنٹائن سے دریافت شدہ دہوہیکل ٹائیٹینو سور (ڈائنا سور کی ایک قسم) کو دنیا کی تاریخ کا اب تک دریافت ہونے والا سب سے قدیم ترین حیوان قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سائنسدانوں کا خیال ہے کہ ارجنٹائن کے نیوکوئن ریجن سے 2014 میں دریافت ہونے والی 65 فٹ طویل چھپکلی نما ننجا ٹائٹن زپاٹائی 140 ملین سال (14 کروڑ سال) سے بھی زیادہ پرانی ہے۔
کونیئسٹ سائنٹفک کونسل کے پروفیسر پابلو گلینا کا کہنا ہے کہ دریافت شدہ ڈھانچے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ ٹائیٹینو سور کی نئی قسم کے علاوہ اس گروپ سے تعلق رکھنے والا دنیا کا سب سے قدیم ڈھانچہ بھی ہے۔
ٹائیٹینو سور، سور پوڈ گروپ سے تعلق رکھتے تھے یعنی یہ طویل گردن اور دم والی چھپکلیاں تھیں جو درختوں کے پتے کھاتی تھیں اور دنیا پر چلنے والا سب سے بڑا جانور تھیں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ ٹائیٹینو سور سے متعلق پہلے جو دعوے کیے گئے تھے یہ جانور اس سے بھی قدیم زمانے میں موجود تھا یعنی 66 ملین سال سے بھی پہلے یہ دیوہیکل جانور موجود تھا۔
ارجنٹائن کے سائنٹفک جرنل میں شائع تحقیق کے مطابق ٹائیٹینو سور کی باقیات 140 ملین سال سے بھی پہلے کی ہیں جو کہ بہت حیران کن ہے۔