اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 20گمشدہ پریزائیڈنگ افسران کے فون کا ڈیٹا طلب کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے حکومت سے رابطہ کرکے ان 20 پریزائیڈنگ افسران کے موبائل فون نمبرز کی فون کالز کا ڈیٹا ریکارڈ مانگ لیا ہے جو ڈسکہ میں ہونے والے حالیہ ضمنی الیکشن کے دوران مبینہ طور پر کئی گھنٹوں تک لا پتا ہوگئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے رابطہ کیا ہے جس کے بعد پی ٹی اے نے حکومت سے رابطہ کیا تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ الیکشن کمیشن کو متعلقہ معلومات فراہم کرنا ہے یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق قانون کے تحت ہر سرکاری ادارہ اور ایجنسی کا فرض ہے کہ وہ کمیشن کو فرائض کی انجام دہی میں معاونت فراہم کرے تاکہ آزاد اور شفاف الیکشن کرائے جاسکیں۔
ذرائع نے بتایا کہ موبائل فون کے ڈیٹا سے نہ صرف یہ معلوم ہوگا کہ یہ پریزائیڈنگ افسران کہاں تھے بلکہ یہ بھی پتہ چل پائے گا کہ یہ لوگ کس سے رابطے میں تھے۔
(ن) لیگ نے ان پریزائیڈنگ افسران پر مقامی فارم ہاؤس میں جمع ہو کر نتائج تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
الیکشن کمیشن پہلے ہی فیصلہ کر چکا ہے کہ ان 20 پریزائیڈنگ افسران کے ٹرائل کا معاملہ سیشن کورٹ بھیجا جائے جب کہ الیکشن کمیشن نے یہ الیکشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔