سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ابھی صفحہ ہوا سے ہلا ہے تو لوگوں نے دباﺅ میں آنا اور ڈرنا چھوڑ دیا ،ہم چاہتے ہیں کہ اداروں کی عزت کریں اور ان کے وقار پرکوئی بھی داغ نہ آئے ،ہم اداروں کو ایسی چیزوں سے بچانا چاہتے ہیں لیکن انہیں خود بھی یہ احساس کرنا چاہیے کہ ایک ہارے ہوئے شخص کے پیچھے کھڑے نظر نہ آئیں ۔
بلاول بھٹو کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے لیے مناسب ہے کہ سلیکٹرز کا نام لے کر پاکستان کے اداروں ،عوام اوراراکین اسمبلی کو دباﺅ میں لائیں لیکن میں سمجھتی ہوں کہ اداروں کو بھی عمران خان کی ناکامی ،نا اہلی اور نا لائقی نے متاثرکیا ہے اور اب اداروں کے اندر سے لوگ پوچھتے ہیں کہ ہم کسی ایسے شخص کا بوجھ سرپرکیوں اٹھائیں جو ملک کی بربادی کا ذمہ دار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جب عمران خا ن سینیٹ الیکشن میں ناکام ہوا تو اداروں کے سربراہوں کو ان کے ساتھ ملاقات نہیں کرنی چاہیے تھی ،اگر قومی سلامتی کا مسئلہ ہوتا تو جعلی وزیراعظم کے ساتھ بھی بیٹھ کر بات کی جا سکتی ہے لیکن آج قوم نے اس ملاقات کے جو مناظر دیکھے وہ مناسب نہیں تھے،اس سے پرہیز کرنا چاہیے ۔ مریم نوازنے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ وہ آپ کے چہرے دکھا کر آپ کو استعمال کرتا ہے،اداروں کو اپنے آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے ۔