سینیٹ الیکشن میں سندھ کے انتخابی نتائج نتائج سامنے آنے کے بعد گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے وزیراعظم عمران خان کو تحریک انصاف کے سات باغی اراکین کے نام ارسال کردیے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جی ڈی اے کی جانب سے وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے جن ایم پی ایز نے انہیں ووٹ نہیں دیے ان میں کریم گبول ،عباس جعفر،بلال غفار ،رابستان خان اورعمر عمیر ی سمیت دیگر شامل ہیں جن کی وجہ سے جی ڈی اے الیکشن میں جنرل نشست ہار گئی ۔ جی ڈی اے نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ باغی اراکین کے خلاف تحقیقات کی جائیں اورکالی بھیڑوں کی تحقیقات مکمل کر کے بے ضمیروں کو بتایا جائے ۔
واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن کے نتائج کے مطابق سندھ میں اپوزیشن اتحاد کے سات اراکین نے وفاداریاں تبدیل کیں۔ پیپلز پارٹی کو اپنے اراکین کے ووٹوں سے جنرل نشست پر 6 جبکہ خواتین اور ٹیکنو کریٹ کی نشست پر سات ووٹ زائد ملے جس پر اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں کو تشویش ہے۔
الیکشن حکمت عملی کے تحت جی ڈی اے کے امیدوار سید صدرالدین شاہ راشدی کو 21 ووٹ ملنے تھے۔جی ڈی اے کے 14 اراکین کے علاوہ پی ٹی آئی کے 7 ارکان اسمبلی نے سید صدر الدین شاہ راشدی کو ووٹ دینا تھا تاہم انہیں صرف 15 ووٹ ہی مل سکے اوران کے ساتھ 6 ارکان نے ہاتھ کردیا۔