اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی ہے،ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو قومی اسمبلی میں حمایت کی یقین دہانی کرادی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، ایم کیوایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں آنے والے وفد میں امین الحق،کشورزہرا اورایم کیو ایم کے تمام ارکان اسمبلی شریک تھے، جبکہ شاہ محمود قریشی،شفقت محمود،اسد عمر پرویز خٹک بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں،ہر صورت ساتھ دیں گے،ہمارے تمام ایم این اے آپ کو ووٹ دیں گے۔
ایم کیوایم کے وفد کا کہناتھا کہ ہمیں موجودہ گورننس نظام پر تحفظات ہیں مگر وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایم کیوایم قیادت کا کہنا ہے کہ ہم نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ڈلیور کر سکیں، ہماری وزیراعظم سے کوئی ڈیمانڈ نہیں مگر کراچی اور سندھ میں مشاورت میں شامل کیا جائے، 18 ویں ترمیم کے بعد اختیارات کا مسئلہ ہے، بلدیاتی نظام میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سندھ اور کراچی کے امور میں ایم کیو ایم کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام کی فلاح ہے، شفاف نظام کی تبدیلی کے لیے کوشش کر رہا ہوں، اداروں کی مضبوطی اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رہےگی۔