وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے تمام ممبران اوراتحادی جماعتوں کو ناشتے پر مدعو کرلیا۔
اعتماد کا ووٹ لینےکیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا جس سے قبل وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کے تمام ممبران اوراتحادی جماعتوں کومدعو کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ممبران کو کل صبح 10 بجے ناشتے پرمدعوکرلیا گیا اور تمام ممبران کل وزیر اعظم کے ساتھ ناشتہ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع پرویزخٹک ارکان کو کارروائی سے متعلق بریفنگ دیں گے جبکہ تمام ممبران کو وقت کی پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو بطور پارٹی چیئرمین خط تحریر کیا۔
خط میں ووٹ سے متعلق رولز کے بارےمیں ارکان کو بتایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 12 بج کر 15 منٹ کے بعد اسمبلی ہال اورچیمبر کے دروازے بند ہوجائیں گے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 12 بج کر 15 منٹ کے بعد کسی رکن کو اسمبلی ہال میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی، پارٹی کی ہدایت کے مطابق تمام ارکان کو اعتماد کے ووٹ کیلئے حاضری یقینی بنانا ہوگی۔
خط کے مطابق عدم حاضری کی صورت میں رکن کے خلاف نااہلی کی کارروائی شروع کی جائےگی، پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی پریہ اعلامیہ الیکشن کمیشن میں پیش کیاجاسکتا ہے۔
خط کے متن میں کہا گہا ہے کہ غیرحاضر رکن کے خلاف آئین کےآرٹیکل 63 کے تحت ایکشن لیا جائے گا۔