اب صارفین ڈیسک ٹاپ اسکرینوں کو پورٹریٹ اور لینڈ اسکیپ دونوں طریقوں سے محفوظ کالز کیلیے استعمال کرسکیں گے، اعلامیہ
اب صارفین ڈیسک ٹاپ اسکرینوں کو پورٹریٹ اور لینڈ اسکیپ دونوں طریقوں سے محفوظ کالز کیلیے استعمال کرسکیں گے، اعلامیہ

واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ ورژن میں نئے فیچرز متعارف

واٹس ایپ نے صارفین کیلئے ڈیسک ٹاپ ورژن میں آڈیو اور ویڈیو کالز کا نیا فیچر متعارف کرادیا۔
واٹس ایپ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اب صارفین ڈیسک ٹاپ اسکرینوں کو پورٹریٹ اور لینڈ اسکیپ دونوں طریقوں سے محفوظ کالز کیلئے استعمال کرسکیں گے۔
بڑی اسکرینوں پر ان نئے فیچر کو متعارف کرانے کے بعد واٹس ایپ بھی ویڈیو کانفرنس کی خدمات مہیا کرنیوالی بڑی کمپنیوں زوم اور گوگل میٹ کے ہم پلہ آجائے گی۔
اس وقت واٹس ایپ کو دنیا بھر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد استعمال کررہی ہے، واٹس ایپ نے نئے سال کے آغاز پر ایک ارب 40 کروڑ صوتی اور ویڈیو کالیں ریکارڈ کی تھیں۔
گزشتہ سال دنیا میں کووڈ-19 کی وباء پھیلنے کے بعد اس ایپ کو استعمال کرنیوالے صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور وہ گھروں میں قیام، قرنطینہ یا تنہائی کے وقت اس ایپ سے ویڈیو کال کے ذریعے اپنے پیاروں سے رابطے میں رہے ہیں۔
اس کے علاوہ وباء کے دوران میں اس ایپ کو تدریسی مقاصد کیلئے بھی استعمال کیا گیا اور کیا جارہا ہے۔ اساتذہ اپنے شاگردوں کو واٹس ایپ کے ذریعے تحریری اور تقریری شکل میں اسباق بھیجتے یا ان سے تعلیمی مقاصد کیلئے رابطے میں رہتے ہیں۔
واٹس ایپ کے مطابق ڈیسک ٹاپ کالنگ کیلئے کم سے کم ونڈوز 10، 64 بٹ یا اس سے بہتر ورژن ہونا ضروری ہے، میک پر 10.13 آپریٹنگ سسٹم یا نیا ہونا لازمی ہوگا۔
واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ ورژن سے کال کرنے کیلئے آڈیو ڈیوائس، مائیکرو فون اور کیمرہ بھی ضروری ہوگا۔