وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے آج کی جیت کے بعد وزیراعظم عمران خان نئی سیاسی زندگی کا آغاز کریں گے۔
سینیٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی شکست کے بعد اپوزیشن کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں لہذا وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
آج صدر مملکت ڈاکٹر علوی کے تجویز پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے تاہم حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔
وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا آئین کے آرٹیکل 91 کی ذیلی شق 7 بہت بڑا آرٹیکل ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن کو اجلاس میں شریک ہونا چاہیے تھا، لوگوں میں جرات ہونی چاہیے کہ وہ سرعام کہیں کہ میں نے ووٹ نہیں دینا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا یہ جمہوریت کا حسن ہےکہ عمران خان نے اعتماد کے ووٹ کے لیے اتنی جلدی فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کی جیت کے بعد وزیراعظم عمران خان نئی سیاسی زندگی کا آغاز کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان سے کہا ہے کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے سے متعلق تجاویز شامل کی جائیں۔