اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کی کارروائی کا آغاز کیا جس کے بعد شاہ محمود قریشی نے اسپیکر کی اجازت سے وزیراعظم پر اعتماد کے حوالے سے قرارداد پیش کی۔
ایوان میں قرارداد کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے سے متعلق اراکین کو طریقہ کار بتایا، اسپیکر کی ہدایت کے بعد ایوان میں 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں اور پھر اسپیکر نے ایوان کے دروازے بند کرنے کا اعلان کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کی حمایت میں ووٹ دینے والوں کو دائیں لابی کی طرف جانے کی ہدایت کی جس کے بعد ارکان نے باری باری جاکر اپنا ووٹ درج کرایا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کا اعلان کیا اور دو منٹ کے لیے گھنٹی بجانے کا کہا تاکہ اراکین اسمبلی لابی سے ایوان میں واپس آجائیں۔
سیکرٹری قومی اسمبلی نے ووٹوں کی گنتی مکمل کرکے اسپیکر کے حوالے کی جس کے بعد اسد قیصر نے اعتماد کے ووٹ سے متعلق اعلان کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے 178 ووٹ حاصل کیے جب کہ وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں 176 ووٹ ملے تھے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان جیسے ہی قومی اسمبلی پہنچے تو حکومتی ارکان نے وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی کی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے بائیکاٹ کی وجہ سے اپوزیشن کی بینچیں خالی ہیں جس پر حکومتی ارکان نے نوٹوں کے ہار رکھ دیے جب کہ حکومتی ارکان نوٹ کو عزت دو کے پلے کارڈ بھی اپنے ہمراہ لائے۔