متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) پاکستان نے نشتر پارک میں 18 مارچ کو جلسہ عام کا اعلان کردیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے پوری توانائیاں صرف کرنی ہوں گی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مرکز بہادر آباد پر ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے 37 ویں یوم تاسیس کے موقع پر نشتر پارک میں جلسے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ اس جلسہ عام کو کامیاب بنانا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے ہمیں اپنی پوری توانائیاں صرف کرنی ہیں، تمام شعبہ جات بالخصوص سی او سی، لیبر ڈویژن اور اے پی ایم ایس او یوم تایس کی تیاریوں کےلیے کمیٹیاں تشکیل دیں اور ہمیں اور بھر پور طریقے سے عوام کو متحرک کرنے کی حکمت عملی ترتیب دیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کنوینر وسیم اختر نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نیا خون تحریک میں شامل کیا جائے اور تمام کارکنان کی ذمے داری ہے کہ نوجوان طبقے بالخصوص طلبہ و طالبات تک ایم کیو ایم پاکستان کا پیغام پہنچائیں اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کو برقرار رکھنا ہوگا۔