پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں متفقہ طورپر چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کے نام کی منظوری دیدی گئی،ڈپٹی چیئرمین کیلیےعبدالغفور حیدری کا نام زیرغور ہے، مسلم لیگ ن نے حمایت کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیر پاؤ، عثمان کاکڑ، ساجد میر، میاں افتخارحسین، یوسف رضاگیلانی، شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہوئے، سابق وزیراعظم نواز شریف لندن سے ورچوئلی شریک ہیں۔
اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ کے لیے مشترکہ امیدواروں،لانگ مارچ کی تیاریوں و حکمت عملی، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے بعد کی صورتحال اورمجموعی ملکی سیاسی حالات پر غورکیا گیا۔
اجلاس کے دوران لانگ مارچ کے لیے قائم خصوصی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، سفارشات میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع کیا جائے، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے، تمام جماعتیں زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کے لیے پوری طرح متحرک ہوں، تمام جماعتیں اپنے اخراجات خود برداشت کریں گی۔
کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ لانگ مارچ کے لیے لوگوں کو متحرک کرنے کے لیے ایک مشترکہ نظم تیار کیا جائے، تاجروں ، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے اورانہیں مکمل طور پر متحرک کیا جائے، دھرنے کے مقام پر شرکا کے پہنچنے سے قبل انتظامات کیے جائیں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے قیام کا مقصد حکومت کا حصول نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردارکا خاتمہ ہے، یوسف رضا گیلانی کو شاندار کامیابی پر مبارکاد پیش کرتا ہوں۔
نواز شریف نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹھیک کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا اثر ملکی سیاست پر ہوگا، ان کی کامیابی نے حکمرانوں کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں۔ پیپلزپارٹی سینیٹ چیئرمین کے لیے یوسف رضا گیلانی کا نام پیش کرے، مسلم لیگ (ن) ساتھ دے گی۔