مظاہرین نے لاشیں رکھ کر جی ٹی روڈ پہنچ کر دھرنا دے دیا۔فائل فوٹو
مظاہرین نے لاشیں رکھ کر جی ٹی روڈ پہنچ کر دھرنا دے دیا۔فائل فوٹو

گوجرانوالہ۔ہاؤسنگ سوسائٹی کےگارڈز کی فائرنگ سے 3افراد جاں بحق۔علاقہ میدان جنگ بن گیا

گوجرانوالہ میں چندا قلعہ کے قریب زمینداروں سے تصادم کے دوران ہاؤسنگ سوسائٹی کے گارڈزکی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور7 زخمی ہوگئے۔

لین دین کے تنازع پر رائل پام ہاؤسنگ سوسائٹی اور زمینداروں کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں ڈنڈے، پتھراؤ اور سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے فائرنگ کردی گئی۔

جاں بحق افراد کی شناخت عمران، تنظیم اور 50 سالہ امجد کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا۔ ڈی ایچ کیو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق پیٹ میں گولی لگنے کی وجہ سے دو زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

پولیس کی نفری علاقے میں پہنچ چکی ہے۔ ڈی ایس پی معظم علی کا کہنا ہے کہ معاملہ اب قابو میں ہے پولیس نے فائرنگ کرنے والے 5 گارڈز کو گرفتارکرلیا۔اس موقع پر صدر پولیس نے سوسائٹی مالکان احمد اور وقاص کوحراست میں لیتے ہوئے تھانے منتقل کردیا

دوسری جانب مظاہرین نے لاشیں رکھ کر جی ٹی روڈ پہنچ کر دھرنا دے دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک انصاف نہیں ملتا وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے زمینداروں اور ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان کے درمیان رنجش چلی آرہی تھی۔ زمینداروں کا مطالبہ ہے کہ اراضی لے لی گئی لیکن رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

احتجاج کے لیے آج کال دی گئی تھی جس پر مظاہرین نے یہاں پہنچ کر پتھراؤ کیا جس پر گارڈز نے فائرنگ کردی۔ اس دوران 2 گارڈز زخمی جبکہ 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔