چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اوروزیر دفاع پرویز خٹک نے جمعیت علمائےاسلام ف کے جنرل سیکریٹری مولانا عبد الغفور حیدری سے ملاقات کی ۔جس کے بعد میڈ یا سے مختصر گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بننے کی پیشکش کردی ۔
اس موقع پر صحافی نے مولانا عبد الغفور حیدری سے سوال کیا کہ کیا آپ کو ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لیے نامزد کردیا گیاہے؟اس سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی تک پی ڈی ایم کی جانب سے با ضابطہ آگاہ نہیں کیا گیا ،صادق سنجرانی ہمارے چیئرمین ہیں ،ان سے ملاقات اور بات ہوتی رہتی ہے ،میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ 12مارچ کے بعدمیں چیئرمین سینیٹ کون ہوگا۔
پی ڈی ایم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اورقائد حزب اختلاف کیلیے نام فائنل کر لیے
دوسری جانب پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور قائد حزب اختلاف کیلیے جماعتوں کی سلیکشن کرلی ۔
شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی کااجلاس ہوا، اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اورقائد حزب اختلاف کے ناموں پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی نشست جے یو آئی جبکہ اپوزیشن لیڈر کی سیٹ ن لیگ کے حصے میں آگئی ہے۔ خصوصی کمیٹی کے فیصلوں سے پی ڈیی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو آگاہ کردیا جائے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن حتمی اعلان کریں گے۔
خیال رہے کہ ایوان بالا میں ڈپٹی اور چیئرمین سینیٹ کیلیے الیکشن12 مارچ کو ہوگا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے چیئرمین کیلئے یوسف رضاگیلانی کا انتخاب کیا ہے۔