وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل کو آرڈی نیشن کمیٹی ہاؤسنگ کے اجلاس میں التوا کے شکار تعمیراتی منصوبوں کے کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کو آرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ،چیف سیکرٹری پنجاب اور چیئرمین سی ڈی اے نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے سندھ میں منظوریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے پیدا ہونے والی معاشی سرگرمی کا براہ راست سندھ کے عوام اور صوبے کو فائدہ ہوگا، التواء کا شکار ہونے والے تعمیراتی منصوبوں کے تمام کیسز نیب کو بھیجے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ذاتی چھت پر غریب اور کم آمدنی والے فرد کا حق ہے اور حکومت اس حق کی فراہمی میں ہر طرح سے سہولت پہنچانے کے لیے پر عزم ہے۔
چئیرمین سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت میں کم آمدنی والے افراد کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ بھی دی۔