وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے غلطی کرنے اور اُس کا خمیازہ بھگتنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن نہ کرواکر غلطی کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہہ رہے تھے سینیٹ الیکشن اوپن ہونا چاہیے، بات نہیں مانی گئی اور ایوان بالا کے انتخابات مذاق بن کر رہ گئے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کو بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، مکمل ایوان 99 کا ہے، 4، 5 آزاد ارکان پر فیصلہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں آزاد امیدوار پر زور لگائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان کا اعتماد حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جب تک مناسب سمجھیں گے عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کے منصب پر رکھیں گے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ غیر یقینی کی صورتحال ہماری کوتاہی کی وجہ سے ہے، اپوزیشن کے کیسز چل رہے ہیں اس لیے سیاسی عدم استحکام انہیں سوٹ کرتا ہے۔