ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔فائل فوٹو
ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔فائل فوٹو

اسلام آباد میں فائرنگ۔نیئر بخاری کے بیٹے سمیت3افراد زخمی

وفاقی دارالحکومت  میں ہونے والے ایک جرگے میں ہونے والے جھگڑے کے نتیجے میں فائرنگ ہوئی ہے جس کے باعث تین افراد زخمی ہو گئے ہیں،زخمیوں میں  پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید نیئر حسین بخاری کا بیٹا جراربخاری بھی شامل ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق جرگہ اسلام آباد کے سیکٹرای سیون کے ایک گھر میں منعقد ہوا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جرگے کے دوران ہونے والے جھگڑے کے دوران فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد میں سابق چیئرمین سینیٹ اور پی پی کے مرکزی جنرل سیکریٹری نیئر حسین بخاری کا بیٹا جراربخاری بھی شامل ہے۔فائرنگ کی اطلاع ملنے پرعلاقہ پولیس سمیت دیگر متعلقہ ادارے اورریسکیو کے رضاکار فوری طورپرجائے وقوع پر پہنچے اورانہوں نے زخمیوں کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا۔

علاقہ پولیس اوردیگر متعلقہ ادارے جائے وقوع پر ثبوت و شواہد اکھٹے کررہے ہیں اور مزید تفصیلات جاننے کے لیے جرگے میں موجود افراد کی بیانات بھی قلمبند کررہے ہیں۔

دوسری طرف نیئر حسین بخاری نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند روز قبل میرے بیٹے کاجھگڑا ہوا تھا،آج اُسی سلسلے میں جرگہ ہورہا تھا،جس بندے کے گھرپرجرگہ تھا اس نے میرے بیٹے پر فائرنگ کی، ملزم سے پستول چھیننےکےدوران باقی دو لوگ بھی زخمی ہوئے ہیں۔