صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ کا اجلاس کل بروز جمعہ صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے۔
سینیٹ سیکریٹری کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس میں نئے منتخب ہونے والے سینیٹرز کی حلف برداری ہوگی۔ حلف برداری پریذائیڈنگ افسر سینیٹر سید مظفر حسین شاہ لیں گے۔
سینیٹ سیکریٹری کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پریذائیڈنگ افسر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کا شیڈول جاری کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ کی نماز کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔ سہ پہر 3 بجے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے ووٹنگ کرائی جائے گی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین کے منتخب ہونے کے بعد پریذائیڈنگ افسر نئے چیئرمین سینیٹ سے حلف لیں گے۔ چیئرمین سینیٹ حلف اٹھانے کے بعد ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کرائیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نو منتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیں گے۔