پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوار کی فتح پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ہم نے عدالتی فیصلے نکال لیے ہیں اور قانون کہتا ہے کہ نام کے اوپر لگائی گئی مہرٹھیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ ڈاکہ نہیں ہونے دیں گے، ہم سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ جائیں گے جبکہ ہم تحریک عدم اعتماد بھی لا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمیں یقین ہےکسی نے دھوکہ نہیں دیا بلکہ ہم ایک ووٹ سے جیتے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو 48 اور یوسف رضا گیلانی کو 42 ووٹ ملے جس کے بعد صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔
7 ووٹرز نے یوسف رضا گیلانی کے نام کے اوپر مہر لگائی جس کی وجہ سے یہ ووٹ مسترد ہوئے۔ ایک ووٹ اس لیے مسترد ہوا کیوں کہ دونوں امیدواروں کے آگے مہر لگائی گئی تھی۔
یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی نے شکست کے بعد ٹریبونل جانے کا اعلان کیا۔