چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست ہوگئی ہے اور صادق سنجرانی دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے ہیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق صادق سنجرانی نے 48 ووٹ حاصل کیے جبکہ یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ لیے البتہ انہیں ڈالے گئے 7 ووٹ اس لیے مسترد ہوئے کیوں کہ ووٹر نے مہر ان کے نام پر لگادی ہے۔
ایک اور ووٹ بھی مسترد ہوا ہے جس میں ووٹر نے دونوں امیدوار کے سامنے مہر لگایا۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک نے سینیٹ میں اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ امیدوار کے نام اور مہر لگانے کے لیے الگ خانہ نہیں ایک ہی خانہ ہے لہٰذا یہ ووٹ درست ہے۔
قاسم گیلانی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر ٹریبونل میں اپیل کریں گے۔ خیال رہے کہ اگر یہ 7 ووٹ درست تسلیم کرلیے گئے تو پھر یوسف رضا گیلانی کے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد 49 ہوجائے گی اور وہ ایک ووٹ سے برتری حاصل کرکے چیئرمین سینیٹ بننے کے حقدار بن سکتے ہیں۔