پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت پیر کو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں نوازشریف، آصف علی زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
اجلاس میں بلاول بھٹو، مریم نواز اور محمود خان اچکزئی بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں شکست کے بعد کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔
پی ڈی ایم اجلاس میں لانگ مارچ سے متعلق حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ چئیرمین سینیٹ کے انتخاب کو چیلنج کرنے کا فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے امیدوار کی شکست کے بعد مولانا فضل الرحمان، نوازشریف اور آصف زرداری میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات سے متعلق امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مستند ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ لانگ مارچ کی تیاریوں اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔
خیال رہے کہ گزشتتہ روز پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد افریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے۔
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے دونوں امیدواروں سید یوسف رضا گیلانی اور مولانا غفور حیدری کو شکست ہوگئی تھی۔