حکومت سندھ نے کورونا کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے بعد سندھ حکومت نے بھی نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اور محکمہ داخلہ سندھ نے کاروباری اوقات کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے، پابندی کا اطلاق آج رات سے 15 اپریل تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھرمیں کاروباری مراکز رات سے 10 بجے بند کرنا ہوں گے اور پابندیوں کا اطلاق تمام کاروباری سرگرمیوں پر ہوگا، مارکیٹس، شاپنگ مالز، شادی ہالز رات 10 بجے بند ہوں گے، تاہم میڈیکل اسٹورز، کلینکس، اسپتال، پیٹرول پمپس کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تفریحی پارکس شام 6 بجے بند ہوں گے، سندھ بھر میں مزارات آج سے مکمل بند ہوں گے،انڈورڈائننگ ریسٹورنٹ، جم، انڈور اسپورٹس کلب، سینما اور تھیٹر بھی بند رہیں گے،ان ڈور شادیوں کی تقریبات پر پابندی ہوگی، شادی ہالز میں بوفے بند ہوگا جب کہ کھلے میدان میں شادی کی تقریبات میں 3 سو افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف کو بلایا جائے،اورگھر سے کام کو ترجیح دی جائے، شہریوں کو ماسک پہننا لازمی ہوگا۔